حیدر آباد:کسٹم نے ساڑھے 41 کروڑ کا ضبط سامان تلف کردیا
چھالیہ، چائنیز نمک، گٹکا، خشخاش، کالی چائے ، موبائل فونز، ممنوعہ ادویات شامل
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) حیدرآباد نے اسمگلنگ اور غیر قانونی اشیاء کیخلاف کارروائی میں ساڑھے 41 کروڑ مالیت کا ضبط سامان تلف کردیا۔ سامان میں بھاری مقدار میں چھالیہ، چائنیز نمک، گٹکا، خشخاش، کالی چائے ، موبائل فونز، ممنوعہ ادویات اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔ کسٹمز حکام کے مطابق حیدرآباد اور سکھر کے اسٹیٹ ویئر ہاؤسز سے لائے گئے مجموعی 198 لاٹس کو ٹنڈو محمد خان روڈ پر گنجو ٹکر کے قریب کرسٹل ماڈل ٹاؤن میں کسٹمز جنرل آرڈر 12؍2002 اور ترمیم شدہ CGO 06؍2021 کے تحت قانونی طریقہ کار کے مطابق تلف کیا گیا۔تلف سامان میں 66۔18 میٹرک ٹن چھالیہ، 24۔25 میٹرک ٹن اجینو موتو (چائنیز نمک)، گٹکے کے 26 ہزار 830 پیکٹس، 3۔18 میٹرک ٹن خشخاش، 4۔36 میٹرک ٹن کالی چائے ، 123 موبائل فونز اور 89 ہزار 400 آئی وی کینولا شامل ہیں، جبکہ ممنوعہ ادویات، شیشہ فلیورز، تمباکو، نسوار اور 71 میٹرک ٹن سے زائد دیگر متفرق و خراب اشیاء بھی تلف کی گئیں۔اس موقع پر کلکٹر کسٹمز ڈاکٹر ناصر خان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسمگلنگ کے باعث ملکی معیشت اور معاشی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، جبکہ اسمگل شدہ اشیاء عوامی صحت کیلئے بھی سنگین خطرہ بن سکتی ہیں۔ انہوں نے اسمگلنگ کے بدلتے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کسٹمز افسران کی استعداد کار بڑھانے اور جدید خطوط پر تربیت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اسمگل شدہ اور مضر صحت اشیاء کی نشاندہی کرکے کسٹمز سے تعاون کریں تاکہ معاشرے کو ان زہریلی اشیاء سے پاک کیا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments