بیساکھی میلہ: بھارت سے 1 ہزار سکھ یاتری پہنچ گئے

بیساکھی میلہ: بھارت سے 1 ہزار سکھ یاتری پہنچ گئے

واہگہ بارڈر پرپرتپاک خیرمقدم،خالصہ جنم دن کی تقریبات میں بھی شرکت کرینگےبہت خوش ہیں،اتنے زیادہ ویزے جاری کرنے پر حکومت پاکستان کاشکریہ :یاتری

لاہور(سہیل احمد قیصر)بھارتی حکومت نے بالآخر ہٹ دھرمی کی روش چھوڑ دی۔ بیساکھی میلے میں شرکت کے لیے تقریباً ایک ہزار سکھ یاتری واہگہ کے راستے پاکستان پہنچ گئے ۔ واہگہ بارڈر پر یاتریوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا، یاتری بیساکھی میلے اور خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کریں گے ۔بتایا گیا ہے سکھ یاتری، سردار گرمیت سنگھ کی قیادت میں پاکستان پہنچے جہاں متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام ، پی آر او عامر ہاشمی ، پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار ستونت سنگھ کے علاوہ دیگر سکھ رہنماؤں نے اُن کا استقبال کیا۔ واہگہ کے راستے پاکستان پہنچنے والے سکھ یاتریوں کی خوشی دیدنی تھی کیوں کہ گزشتہ سال بھارتی حکومت نے اِس موقع کے لیے سکھ یاتریوں کو عین وقت پر پاکستان آنے سے روک دیا تھا۔یاتریوں کی طرف سے قرار دیا گیا کہ وہ یہاں آکر بہت خوشی محسوس کررہے ہیں اور اِس کے لیے حکومت پاکستان کے بھی مشکور ہیں جس کی طرف سے اتنی زیادہ تعداد میں سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کئے گئے ۔ دوسری طرف متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام کی طرف سے قرار دیا گیا ہے یاتریوں کے لیے شاندار انتظامات کئے گئے ہیں۔ لاہور پہنچنے کے بعد یاتریوں کو خصوصی انتظامات کے تحت حسن ابدال روانہ کردیا گیا جہاں وہ بدھ کو بیساکھی میلے کی تقریبات میں شرکت کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں