سڑکوں،پارکوں میں املتاس کے زرد رنگ بکھر گئے

سڑکوں،پارکوں میں املتاس کے زرد رنگ بکھر گئے

املتاس کی پھلیاں معدہ کے امراض کی ادویات میں استعمال ہوتی ہیں :طبی ماہریہ درخت فضا کو صاف کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے :پی آر او پی ایچ اے

لاہور(سہیل احمد قیصر، تصاویر:ذوالفقار شاہ)لاہور کی شاہراہوں اور پارکوں میں تخت املتاس سج گیا،پیلے رنگ کے لچھے دار پھولوں سے لدے ہوئے درختوں نے بہار دکھانا شروع کردی۔ املتاس کے درختوں پر لگنے والی پھلیاں بھی طبی فوائد سے بھرپور ہیں۔ تفصیل کے مطابق اِن دنوں لاہور کی شاہراہیں اور پارک املتاس کے درخت کی بھرپوررنگینیوں کا نظارہ کررہے ہیں۔ اگرچہ برسات سے پہلے کا یہ شدید گرم موسم پودوں اور پھولوں کے لیے بہت نقصان دہ قرار دیا جاتا ہے ۔ اِس ماراماری میں بھی ایک دیوانہ درخت املتاس، اُمید کے پھول کھلاتا اور زردی کے خوب رنگ جماتا ہے ۔اِن دنوں پارکوں اور شاہراہوں پر اُمید کے یہ رنگ کثرت سے دیکھے جاسکتے ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ یہ درخت صرف اپنے رنگ و روپ سے ہی دوسروں کو متاثر نہیں کرتا بلکہ اِس درخت پر لگنے والی پھلیاں بھی بھرپورطبی فوائد کی حامل ہوتی ہیں۔حکیم عثمان چشتی نے بتایا املتاس کے درخت پرلگنے والی پھلیاں، معدے کے جملہ امراض کی ادویات بنانے میں استعمال ہوتی ہیں جبکہ یہ جراثیم کش بھی ہیں اور اپنی اسی تاثیر کی وجہ سے گلے کی انفیکشن وغیرہ کے خاتمے کے لئے بھی استعمال ہوتی ہیں۔پی ایچ اے کی افسرتعلقات عامہ نادیہ طفیل کا کہنا تھا یہ درخت فضا کو صاف کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں