مہنگائی کا طوفان ناقابل برداشت :جماعت اہل حدیث
لاہور(سیاسی نمائندہ) سیاسی شدت پسندی نے قوم کو ذہنی اور معاشی بحران میں مبتلا کر دیا،مہنگائی کا طوفان ناقابل برداشت ہو گیا ۔
حکمران عوام کی اذیت کو سمجھنے کی کوشش کریں۔یہ بات جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبدالغفار روپڑی نے مولانا حفیظ اللہ بلوچ کی قیادت میں آنے والے علماکے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا شکیل الرحمان ناصر، حافظ عبدالوحید روپڑی، مولانا بشیر سلفی اور دیگر علما بھی موجود تھے ۔
انہوں نے کہا موجودہ سیاسی کلچر نے نوجوانوں کی اخلاقیات کو تباہ کرکے رکھ دیا ، ایسے وقت میں علما قرآن وسنت کے ذریعے قوم کی رہنمائی اور تربیت کریں کیونکہ یہ دور ملک وقوم کی پریشانی کا دور ہے ، گالی گلوچ، بد تہذیبی، بہتان تراشی کے کلچر کا عام ہو جانا فتنے کا سبب ہے جو ہماری سیاسی قیادت کی غیر ذمہ داری کی وجہ سے پیدا ہواہے ۔انہوں نے کہا ہمارے اندرونی خلفشار کی وجہ سے ملک دشمن عناصر اداروں اور سکیورٹی فورسز پر حملہ آور ہو رہے ہیں، ہمیں اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کو اپناتے ہوئے ایک قوم بننا ہوگا۔