مینار پاکستان جلسہ،پی ٹی آئی کو نقصان کی رقم جمع کرانے کا خط

مینار پاکستان جلسہ،پی ٹی آئی کو نقصان کی رقم جمع کرانے کا خط

لاہور (شیخ زین العابدین)تحریک انصاف کے جلسے سے گریٹر اقبال پارک کو مجموعی طور پر 2 کروڑ 93 لاکھ 80 ہزار روپے کا نقصان پہنچا،پی ایچ اے نے پارک میں ہونے والے نقصانات کی تفصیلات حاصل کرلیں۔

انچارج ہارٹی کلچر زون ون نے نقصان کے ازالے کیلئے صدر پی ٹی آئی لاہور کو مراسلہ لکھ دیاجس میں پی ٹی آئی کی قیادت کو نقصان کی رقم جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ مراسلے میں کہا گیا ہے مینار پاکستان میں 23 سے 26 مارچ تک پی ٹی آئی جلسے کے سبب 2 کروڑ 93 لاکھ 80 ہزار روپے کا نقصان ہوا۔سٹیل فینس باؤنڈری وال 550 مربع فٹ،مینار کا 275 مربع فٹ جنگلا ٹوٹا، بجلی پولز، ڈسٹ بنز، لکڑی کے بینچ ،سائن بورڈز، مینار کے گرد ایل ای ڈی لائٹس کے پولز، ہائیڈرینٹ، مختلف مقامات پر 2450 مربع فٹ پتھر ،سی سی ٹی وی کیمرے بھی کارکنوں نے توڑ دئیے ۔ ،سی سی ٹی وی کیبل اور ایم ایم کاپر کیبل کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔اب تک پی ٹی آئی نے مینار پاکستان میں 6 مرتبہ بڑے سیاسی شو کئے ، ہر بار پارک کی تنصیبات کا نقصان ہوا مگر کبھی ان کے ازالے کی رقم پی ایچ اے کو جمع نہیں کرائی گئی۔ 21 مارچ 2022 کو مینار پاکستان میں پی ٹی آئی جلسے کے دوران 40 لاکھ 69 ہزار روپے کا نقصان ہوا تھا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں