عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ایمان کی اساس ہے :پیرنصیرقادری
فیروز والہ (تحصیل رپورٹر) بانی تحریک ختم نبوت پیر نصیر احمد قادری نے کہا ہے کہ ختم نبوت اسلام کا بنیادی عقیدہ ہے ، اس کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کی اساس ہے ، توہین رسالت کے قانون میں کسی ترمیم کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پیر انتصار الحسن شاہ سروری قادری نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اور وطن عزیز کے تحفظ کے لیے پوری قوم متحد ہے ، علما اور عوام کسی بیرونی ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،قائد اہلسنت علامہ شاہ احمد نورانی نے قومی اسمبلی میں قرارداد منظور کرا کے قادیانیوں کو غیرمسلم اقلیت قرار دیا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامع مرکزی مسجد لبیک یا رسول اﷲ کامران پارک شاہدرہ میں منعقدہ سالانہ تحفظ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کانفرنس کی صدارت حافظ عبدالستار سعیدی نے کی، تحفظ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی عمران الحسن فاروقی ، علامہ محمد حسن رضا نقشبندی ، صاحبزادہ مفتی پیر عبدالکریم نقشبندی ،امیر ِ لاہور علامہ جمیل احمد شرقپوری، مفتی ذبیح اﷲ قادری، مفتی ضمیر احمد تضائی، مفتی عمران حنیف مدنی ، علامہ مقصود احمد نقشبندی، مولانا حبیب اﷲ سعیدی اور دیگر علما کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضورنبی اکرمﷺاﷲ کے آخری نبی ہیں ،آپؐ کے بعد کوئی نبی نہیں،اس پر قرآن پاک کی آیات، احادیث اور اقوال صحابہ گواہ ہیں، اس پر پوری امت کا اجماع ہے .اگر کوئی حضور اکرم ﷺکے بعد نبوت کادعویٰ کرے تووہ جھوٹا اور ملعون ہے ۔