اسلاموفوبیا دنیا کے امن کیلئے خطرہ بن رہا :حافظ طاہر اشرفی
لاہور (سپیشل رپورٹر)چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلاموفوبیا دنیا کے امن کیلئے خطرہ بن رہا ہے ، مقدسات کی توہین سے نفرتوں میں اضافہ ہورہا ،ہم تمام مذاہب کی قیادتوں کو مکالمے کی دعوت دیتے ہیں۔
اسلاموفوبیا کو روکنا صرف مسلمانوں کی ہی ذمہ داری نہیں ہے ۔ رسول کریم ؐ صرف مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ عالمین کے لئے رحمت ہیں۔مسئلہ کشمیر و فلسطین کا حل امت کی وحدت اور مذاکرات سے ہی نکلے گا۔ پاکستان مختلف مذاہب و مسالک کے ماننے والوں کا ملک ہے ،پاکستان کو انتہا پسندی و دہشت گردی کا سامنا ہے لیکن پاکستانی قوم انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف سلامتی کے اداروں اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے موریطانیہ میں 36ویں سالانہ عالمی سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانفرنس کی صدارت صدر موریطانیہ محمد اولد غزوانی نے کی۔ کانفرنس کے بعد موریطانیہ اور عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ فلسطین و کشمیر امت مسلمہ کے مسائل ہیں جو ہندوستان مسلمانوں اور کشمیریوں کے ساتھ کررہا ہے وہ اسرائیل فلسطینیوں کے ساتھ کررہا ۔مسلم امہ کشمیر و فلسطین کے مسئلے مذاکرات سے حل کرنا چاہتی ہے ۔