1 لاکھ 10 ہزار صارفین سے پانی بل نہ لینے کا انکشاف

1 لاکھ 10 ہزار صارفین سے پانی بل نہ لینے کا انکشاف

لاہور (سٹاف رپورٹر سے) شہر میں بیشتر غیر قانونی واٹر کنکشن ہولڈرز تاحال واسا کی بلنگ کا حصہ نہ بن سکے۔

رواں مالی سال کے دوران واسا کی حدود میں ایک لاکھ 10 ہزار 380 کنکشن ہولڈرز سے بل نہ لئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ واسا انتظامیہ صرف 34 فیصد غیر قانونی کنکشن ہولڈرز کو دائرہ کار میں لاسکی۔ کنکشن ہولڈرز کے ذمے واسا کے 5 ارب 53 کروڑ 40 لاکھ 20 ہزار روپے واجب الادا ہیں۔تفصیل کے مطابق واسا کے ریونیو میں مبینہ کمی اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کا انکشاف ہوا ہے ۔واسا کے شعبہ ریونیو اور او اینڈ ایم نے مبینہ ساز باز کرکے غیر قانونی کنکشنز لگوائے جس کا بھانڈا واسا رپورٹ نے ہی پھوڑ دیا۔ واسا نے رواں مالی سال 37 ہزار 680 کنکشنز سے 61 کروڑ 50 لاکھ روپے کی ریکوری کی۔راوی ٹاؤن کی حدود میں سب سے زیادہ 25 ہزار 199 غیر قانونی کنکشنز کا انکشاف ہوا۔ ریکوری نہ ہونے سے واسا انتظامیہ کو مالی خسارے کا سامنا ہے، بجلی کے بل ادا کرنا بھی مشکل ہوگیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں