شہر میں 80 غیرقانونی اشتہاری بورڈ اتارنے کا حکم

لاہور (شیخ زین العابدین) شہر میں اشتہاری بورڈز سے متعلق سروے میں 80 غیر قانونی بورڈز کا انکشاف ہوا ہے۔
ڈی جی پی ایچ اے نے شعبہ مارکیٹنگ کو بورڈز اتارنے کا حکم دے دیا،جس بورڈ پر کیو آر کوڈ ہوگا، وہی قانونی ہوگا، پی ایچ اے نے بورڈ سے متعلق نیا حکم نامہ بھی جاری کر دیا۔تفصیل کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی نے غیر قانونی بورڈز کے خلاف دوبارہ کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ پی ایچ اے کے پہلے سروے میں 105 غیر قانونی بورڈز کا انکشاف ہوا تھا تاہم 70 کو اتارا گیا، 35 کے خلاف پی ایچ اے حکام کوئی کاروائی نہ کرسکے۔ اب دوسرے سروے میں مزید 80 غیر قانونی بورڈز کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ اے کی جانب سے گزشتہ دو ماہ سے کسی بھی غیر قانونی بورڈ کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔بورڈز کے خلاف کارروائی کے بعد شروع ہونے والی انکوائریوں کے سبب افسر کترا رہے ہیں،اینٹی کرپشن سی ایم آئی ٹی نے انکوائری کا آغاز کیا تھا،پی ایچ اے افسروں نے مزید انکوائری سے بچنے کیلئے کارروائی ہی نہ کی۔ڈی جی پی ایچ اے محمد طاہر وٹو کا کہنا ہے کہ غیر قانونی بورڈز کے خلاف مزید کارروائی کرنے کا لائحہ عمل بنا رہے ہیں۔