میٹرز سافٹ وئیر سے بڑے پیمانے پر بجلی چوری
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)لیسکو میں میٹرز سافٹ وئیر بریچ سے بڑے پیمانے پر بجلی چوری کا انکشاف ہوا ہے، میٹرز بنانیوالی کمپنیوں کے سافٹ ویئر بجلی چوری روکنے میں ناکام ہو گئے۔
لیسکو میں سافٹ وئیر کے ذریعے ہونے والی بجلی چوری روکنا مشکل ہوگیا۔ لیسکو انتظامیہ ناقص اور غیر محفوظ میٹرز بنانیوالی کمپنیوں کیخلاف کارروائی سے بھی گریزا ں ہے ،میٹر زسافٹ ویئر غیر محفوظ ہونے سے اربوں روپے کا سمارٹ میٹرنگ پراجیکٹ بھی خطرے میں پڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق ایشین ڈویلپمنٹ بینک بجلی چوری سے محفوظ سمارٹ میٹرز کیلئے اربوں روپے قرض دے گا،لیسکو انتظامیہ انہی کمپنیوں سے اربوں روپے کے سمارٹ میٹرز خریدنے کیلئے متحرک ہے ، انجینئرز نے ناقص میٹر بنانیوالی کمپنیوں سے خریداری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ غیر محفوظ سافٹ ویئر والے میٹرز سے بجلی چوری نہیں روکی جاسکتی۔سیکرٹری پاورڈویژن لیسکو میں ناقص میٹرز کی خریداری کا نوٹس لیں ،لیسکو انتظامیہ بااثر کمپنیوں کے بجائے ملازمین کیخلاف کارروائیاں کرنے لگی۔چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزلیسکو حافظ میاں محمد نعمان کا کہنا ہے کہ ناقص میٹرز بنانے والی کمپنیوں سے خریداری بند کی جائے گی ،غیر محفوظ سافٹ ویئر کے حامل میٹرز کے معاملے کی انکوائری کی جائے گی۔