رائیونڈ سرکاری سنٹر خالی، گندم کے بحران کاخدشہ

رائیونڈ سرکاری سنٹر خالی، گندم کے بحران کاخدشہ

لاہور(عمران اکبر)سرکاری گندم کی دستیابی کے بحران کا خدشہ ،سرکاری رائیونڈ گندم سنٹر خالی ہو گیا، صرف دو سنٹرز میں 15 روز کا سٹاک رہ گیا۔۔۔

جنوبی پنجاب سے لاہور آنے والی گندم ٹرانسپورٹیشن ٹینڈرز تاخیر کا شکار ہونے کے باعث نہ پہنچ سکی ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں سرکاری گندم کے 4 لاکھ 60 ہزار بوری کے ذخائر رہ گئے ، محکمہ روزانہ 30 ہزار بوری سے زیادہ سرکاری گندم فلورملز کو فروخت کر رہا ہے ، دسمبر میں آٹا طلب بڑھنے کے سبب سرکاری گندم کی ریلیز میں اضافہ متوقع ہے ،فوڈ ڈائریکٹوریٹ افسر مبینہ طور پر کوتاہی کے باعث گندم ٹرانسپورٹیشن کے ٹینڈر جاری نہیں ہو سکے ۔ لاہور میں محکمہ خوراک کے تین گندم گودام ہیں ،رکھ چھبیل سنٹر میں70 ہزار اور مغلپورہ گودام میں4 لاکھ بوری گندم باقی رہ گئی ہے ،رائے ونڈ گندم سنٹر خالی ہو چکا ہے ۔اجرائی گندم ٹرانسپورٹیشن ٹینڈرز میں تاخیر نے بحرانی کیفیت پیدا کردی ہے ۔جنوبی پنجاب کے جن مراکز سے گندم لاہور اور راولپنڈی بجھوائی جاتی ہے ، جنوبی پنجاب سے آنے والی گندم تاحال لاہور نہ پہنچ سکی۔ ڈائریکٹر فوڈ پنجاب شعیب خان جدون کا کہنا ہے کہ کوئی تاخیر نہیں ہوئی ،گندم وافر ہے اور ٹرانسپورٹ ٹینڈرز کو فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں