ٹرینوں کی نجکاری، پریم یونین کا مزاحمت کا اعلان
لاہور(سیاسی نمائندہ)مرکزی چیئرمین ریلوے پریم یونین پاکستان ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ نے ریلوے پریم یونین نے حکومت کی طرف سے منافع بخش ٹرینوں کی نجکاری کے فیصلہ کو مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔
اس حوالے سے 23 جولائی کولاہور میں مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس طلب بھی کرلیا ہے، جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ اس موقع پر صدر شیخ محمد انور، سیکرٹری جنرل خیر محمد تونیو، چیف آرگنائزر خالد محمود چودھری بھی موجود تھے۔ مرکزی چیئرمین نے کہا ہے کہ 30 جون تک مالی سال 24-2023 کے اختتام پر ریلوے نے 88 ارب سے زائد ریکارڈ آمدن حاصل کی ہے جو پچھلے مالی سال سے 40 فیصد زائد آمدن ہے۔ ریلوے کو مالی سال کے آغاز میں حکومت سے 73 ارب آمدن کا ٹارگٹ ملا تھا۔ اتنے منافع بخش ادارے کی نجکاری ملک کی سالمیت کے خلاف سازش ہے۔ پاکستان کے سب سے بڑے رفاعی و فلاحی ادارے کی نجکاری ملک و قوم سے غداری کے مترادف ہے، کسی مائی کے لال کو ریلوے کی نجکاری کی اجازت نہیں دیں گے۔