300 پبلک سکولوں کو ٹیک سکولز کا درجہ دینے کا فیصلہ

 300 پبلک سکولوں کو ٹیک سکولز کا درجہ دینے کا فیصلہ

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت پبلک سکولوں میں مڈل، میٹرک اور انٹر ٹیک کے آغاز کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہیں جنوبی پنجاب میں جاری مڈل ٹیک کے پائلٹ پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں پہلے مرحلے میں 300 پبلک سکولوں کو ٹیک سکولز کا درجہ دینے اور پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد ٹیک ایجوکیشن کا دائرہ کار دیگر سکولوں تک پھیلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ میٹرک اور انٹر میں ٹیکنالوجی کورسز کے آغاز پر مشاورت اور تجاویز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ وزیر تعلیم نے کہا میٹرک اور انٹر ٹیک پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ شروع ہو رہا ہے ۔ لہذا مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق ٹیکنیکل کورسز متعارف کر ائے جائیں اور ان کورسز کی ایریا وائز ڈیمانڈ کو بالخصوص مدنظر رکھا جائے ۔ رانا سکندر حیات نے ٹیک ایجوکیشن کیلئے کورس اور مواد کی تیاری کیلئے کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی جو ٹیک لیبز اور دستیاب سہولیات و ضروریات کا جائزہ لے کر لائحہ عمل بنائے گی۔ وزیر تعلیم نے ہر تحصیل میں کم از کم 2 ٹیک ایجوکیشن سنٹرز بنانے ، دستیاب سہولیات سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے ، ٹیک لیبز کو اپ گریڈ کرنے اور لڑکیوں کیلئے الگ ٹیک کورسز متعارف کر انے کی بھی ہدایت کی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں