صوبہ بھر کی غلہ منڈیوں میں گندم کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ
لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے)وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کو آٹے اور گندم کے نرخوں پر سیکرٹری فوڈ پنجاب معظم اقبال سپرا اور فوڈ ڈائریکٹوریٹ کے افسران نے بریفنگ دی۔۔۔
حالیہ دنوں صوبہ بھر کی غلہ منڈیوں میں گندم کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ وزیر خوراک بلال یاسین نے آٹے کے تھیلوں میں تناسب کے لحاظ سے کمی کی سفارشات طلب کر لیں،ان کا کہنا تھا کہ گندم اور آٹا نرخوں کی مارکیٹ میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچایا جائے ، پنجاب سے دیگر صوبوں میں گندم اور تیار شدہ مصنوعات کی ترسیل پر کوئی پابندی نہیں، سیکرٹری فوڈ پنجاب معظم اقبال سپرا نے گندم مصنوعات کی بین الصوبائی ترسیل بارے تفصیلی بریفنگ دی، 8 روز میں گندم کی 37000 بوریوں کی پنجاب سے دیگر صوبوں میں ترسیل ریکارڈ ہوئی، رواں ماہ مختلف اضلاع سے گندم کے 124 پرمٹس جاری ہوئے، پنجاب کی فلار ملز سے 1 ماہ میں آٹے کے 7763 پرمٹ جاری ہوئے، 1 لاکھ 57 ہزار 844 میٹرک ٹن آٹے کی دیگر صوبوں میں ترسیل ہوئی۔بلال یاسین نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عوام کو آٹے کی قیمتوں میں ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔