صحت کے پہلے منصوبے نامکمل،آئندہ کیلئے کمیٹیاں قائم

صحت کے پہلے منصوبے نامکمل،آئندہ کیلئے کمیٹیاں قائم

لاہور (سجاد کاظمی سے ) محکمہ صحت کے سابق منصوبے نامکمل جبکہ اگلے منصوبوں کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی جانے لگیں ۔سرگودھا میڈیکل کالج میں فیکلٹی کی ہڑتال سے کلاسز بند اور پرچے ملتوی ہونے سے طلبہ میں تشویش بڑھنے لگی ۔

تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے میں طب کی تعلیم کے حوالے سے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا جس کے مطابق پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔حکومت نے پروفیسر جاوید اکرم کی سربراہی میں 4رکنی کمیٹی تشکیل دی جو پرائیویٹ میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی بڑھوتری کے بارے میں امور کا جائزہ لے گی۔ذرائع کے مطابق پنجاب میں ماضی میں پرائیویٹ میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی مشروم گروتھ ہوئی جس سے طبی تعلیم کا معیار متاثر ہوا ،40 نئے میڈیکل کالجزکو بغیر کسی ضروت قائم کرنے کی منظوری دی گئی اور صوبہ میں غیر منصفانہ طور پر ہیومن ریسورس تقسیم کی گئی۔ دوسری جانب سرکاری میڈیکل کالجز کے اندر فیکلٹی ، ڈیپارٹمنٹ ، آلات ،لیب اور بلڈنگ انفراسٹرکچر کا فقدان پایا جارہا ہے ۔حالیہ ہفتوں میں سرگودھا میڈیکل کالج کی فیکلٹی نے مطالبات کیلئے ہڑتال کررکھی اور طلبا کے پیپرز موخر کر دئیے گئے جس سے طلبا اور والدین میں تشویش ہے ۔طلبا نے وزیر صحت سے اپیل کی ہے کہ وہ سرگودھا یونیورسٹی کا دورہ کرکے فیکلٹی کی ہڑتال کو ختم کر ائیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں