واسا میں مبینہ طور پر مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف
لاہور(سٹاف رپورٹر سے)واسا انتظامیہ ادارے میں ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں کا دفاع کرنے میں ناکام رہا، آڈیٹر جنرل کے لگائے گئے اعتراضات پر واسا انتظامیہ تسلی بخش جواب نہ دے سکی۔۔۔
واسا لاہور میں ہونے والی بے ضابطگیوں سے متعلق آڈٹ پیرا پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو ارسال کر دیئے گئے، واسا میں مبینہ طور پر مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، واسا نے تانبے کی 27 ہزار 988 کلوگرام تاروں کو نیلام نہ کیا، کھلے آسمان تلے تانبے کی تاریں پھینک کر چوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاگیا، مالی سال 2022-23 میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر آڈیٹر جنرل کے اعتراضات سامنے آگئے، واسا نے چار کروڑ 19 لاکھ روپے مالیت کی تاروں کو تین سال تک نیلام نہ کیا، آڈیٹر جنرل نے واسا کے غیر مطمئن جواب پر کیس پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو ارسال کر دیا،مالی سال میں شعبہ پی اینڈ ایس نے نیلامی نہ کرکے خزانے کو چار کروڑ 19 لاکھ 82 ہزار روپے کا نقصان پہنچایا، شعبہ پی اینڈ ایس نے سوڈیم خریدنے کے لیے 41 لاکھ 99 ہزار روپے کی خلاف ضابطہ ادائیگی کی۔