قومی شاہراہوں پر ہونیوالے حادثات کا یومیہ ڈیٹا طلب

 قومی شاہراہوں پر ہونیوالے حادثات کا یومیہ ڈیٹا طلب

لاہور(سیاسی رپورٹر سے)وفاقی وزیر مواصلات و نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے موٹرویز اور جی ٹی روڈ پر حادثات کی روک تھام اور زخمی ہونے والے مسافروں کو ریسکیو کرنے کے لئے اہم اقدامات کی ہدایت کر دی۔

انہوں نے وزارت مواصلات سے قومی شاہراہوں پر ہونے والے حادثات کا روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا طلب کرلیا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس تجویز پر غور کیا گیا کہ بالخصوص موٹرویز پر زخمی مسافروں کو 1122 کی ایمرجنسی سروسز کے علاوہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی ہسپتالوں میں فوری طور پر منتقل کیا جائے تاکہ کم سے کم وقت میں طبی امدادکی فراہمی سے قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود اور چیئرمین این ایچ اے شہریار سلطان سمیت دیگر افسروں نے وفاقی وزیر کو محکمانہ امور پر بریفنگ دی جس پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا شہریوں کے لئے موٹرویز اور جی ٹی روڈ کو زیادہ سے زیادہ محفوظ ہونا چاہیے جس کے لئے ضروری ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کوشارٹ اور لانگ ٹرم پالیسیوں پر عمل کرنا ہوگا۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے سے مالی استحکام کے لئے آئندہ 5 برسوں کا ایکشن پلان بھی طلب کر تے ہوئے کہا نیشنل ہائی وے اتھارٹی سرکاری فنڈز کے بے دریغ استعمال کے بجائے صرف قابل عمل منصوبوں پر کام کرے ۔انہوں نے این ایچ اے کو نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی کی تیاری کا ٹاسک بھی سونپ دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں