ایل ڈی اے گورننگ باڈی فیصلے، تجاوزات پر جرمانے نظر انداز

ایل ڈی اے گورننگ باڈی فیصلے، تجاوزات پر جرمانے نظر انداز

لاہور(سٹاف رپورٹر سے)ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے فیصلے صرف کاغذ کے ٹکڑے بن گئے 2024 میں تجاوزات مافیا کیخلاف نئی حکمت عملی بنائی گئی، ادارے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تجاوزات مافیا کوجرمانے کیے جانے تھے۔

نو ماہ گزر گئے مگر کسی کو جرمانہ نہ کیا گیا، اس دوران کیے جانے والے تمام آپریشنز کے اخراجات ایل ڈی اے نے خود برداشت کیے۔ شعبہ ٹاؤن پلاننگ کو املاک سربمہر اور ایف آئی آر درج کرانے کی اجازت ہے، جرمانے کرنے کیلئے ایل ڈی اے قوانین میں ہی ترمیم کر دی گئی، غیر قانونی املاک و کمرشل سرگرمیوں پر پراپرٹی فائل بند اور یوٹیلیٹیز کنکشن منقطع کیے جانے تھے، ایل ڈی اے نے کسی بھی پراپرٹی کا یوٹیلیٹی کنکشن منقطع نہ کیا۔ ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریاز میں واقع املاک کو چار کیٹیگریز میں جرمانے ہونا تھے۔ ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے بلڈنگ ریگولیشنز میں ترمیم کی منظوری دیکر غیر قانونی لینڈ یوز کنورژن کرنے پر نیا قانون نافذ العمل کیا گیا، گھریلو اور سیمی کمرشل پلاٹ پر کمرشل سرگرمیاں کرنے پر پانچ مرلہ عمارت سربمہر اور ڈی سی ریٹ کا ایک فیصد جرمانہ عائد کیا جانا تھا۔ دیگر غیر قانونی لینڈ سب ڈویژنز کو بھی جرمانے کا قانون بنایا گیا تاہم شعبہ ٹاؤن پلاننگ کارروائی کی بجائے خاموش ہوگیا۔ ایل ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ افسروں کو یوٹیلیٹی کنکشنز منقطع کرنے اور جرمانے کرنے کے احکامات صادر کر دیئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں