حکومت کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے پیدا کرے:انجمن تاجران
لاہور(کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے 5 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا۔۔۔
اس اقدام سے ہونے والی اربوں روپے کی بچت کو عوام کو ریلیف دینے کیلئے مختص کیا جائے، حکومت دیگر آئی پی پیز کے ساتھ بھی معاہدوں پر نظر ثانی کرے جن میں غریب عوام کے مفاد کو ترجیح دی جانی چاہیے ،معیشت کو تحرک دینے کیلئے تاجروں کو بھی مراعات اور سہولیات دینا نا گزیر ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا حکومت بجلی کے شعبے میں ہونے والے نقصانات کو کم کرے جن کی وصولی عوام سے کی جارہی ہے، صنعتوں کے ساتھ تاجروں کو بھی بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جائے، حکومت کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے پیدا کرے اور اس کے علاوہ بھی بڑے ڈیمز بنائے جائیں کیونکہ ہم ہر سال اربوں روپے کا پانی سمندر میں پھینک کر ضائع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا بھاری یوٹیلیٹی بلوں اور ٹیکسز کی وجہ سے تاجر طبقہ شدید پریشان ہے اس لئے حکومت انہیں بھی ریلیف دے تاکہ مقامی سطح پر کاروبار کو ترقی مل سکے۔