فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے واسا 1لاکھ درخت نہ لگاسکا
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لئے واسا کے اعلانات دعوؤں تک محدود ہیں، لاہور کی فضا کو آلودہ کرنے میں ڈسپوزل اور لفٹ سٹیشن پیش پیش ہیں۔
واسا کے ڈسپوزل سٹیشن، لفٹ سٹیشن اور ڈرینوں سے نکلنے والی بدبو سے ماحول تعفن زدہ ہورہا ،واسا نے ڈرینوں اور ڈسپوزل سٹیشنز پر ایک لاکھ درخت لگانے کا پلان بنا لیا، واسا کے 9 ہزار ملازموں اور افسروں کو فی کس دس درخت لگانے کا حکم دیا گیاتھا، ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود کسی بھی مقام پر درخت نہ لگ سکے ، کینٹ ڈرین پر شاہ پور کانجراں سے انفینٹری روڈ تک درخت نہ لگ سکے . اپر چھوٹا راوی ڈرین اور شالیمار اسکیپ چینل پر شجرکاری کا منصوبہ تعطل کا شکار ہے ، ستو کتلہ ڈرین اور بہار شاہ ڈرین بھی ماحولیاتی آلودگی پھیلانے میں سرفہرست ہیں، واسا کو اربن فاریسٹی کے تحت میواکی جنگل لگانے کا بھی ٹاسک دیا گیا، لکشمی چوک ،گلشن راوی ، شادباغ ،محمود بوٹی اور مین آؤٹ فال ڈسپوزل سٹیشنز پر میواکی جنگل لگنے تھے ، واسا انتظامیہ گزشتہ تین برسوں سے کوئی میواکی جنگل نہ لگا سکا۔