ایس ایچ او سانگلہ پر کمپیوٹر آپریٹر کانسٹیبل پر تشدد کا الزام
ننکانہ صاحب (خبر نگار ) مبینہ طور پر رشوت لیکر منشیات فروش کو چھوڑنے والا تھانہ سٹی سانگلہ ہل کا پولیس کانسٹیبل نعیم فرار ہو گیا، ایس ایچ اونے کمپیوٹر آپریٹر کانسٹیبل پر مبینہ تشدد کر دیا۔
تفصیل کے مطابق تھانہ سانگلہ ہل سٹی میں تعینات کانسٹیبل کمپیوٹر آپریٹر محمد عثمان اسلم نے اپنی درخواست میں کہا گزشتہ رات ایس ایچ او محمد شمشیر نے صفدر آباد روڈ پر ڈیوٹی پرموجود2کانسٹیبلوں محمد نعیم اور محمد احسن کو ریڈ پر جانے کے لئے تھانہ بلایا اور کہا تم نے رشوت لے کر منشیات فروش کو چھوڑ دیا ، ایس ایچ او دونوں کو دفتر میں بٹھا کر کمرے میں چلے گئے ، اس دوران کانسٹیبل محمدنعیم تھانے سے بھاگ گیا جس کی رنجش پر ایس ایچ او نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا ، حبس بیجا میں رکھا جبکہ دونوں کانسٹیبلوں کے خلاف اغوا ، بھتہ خوری اور 155پولیس آرڈر2002کے تحت مقدمہ درج کیا جاچکا ہے ۔ درخواست گزار نے کہا فرنٹ ڈیسک والے ایس ایچ اوکیخلاف مقدمہ درج کر نے کیلئے میری درخواست وصول کرنے سے گریزاں ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او سید ندیم عباس نے عثمان اسلم کی درخواست کی انکوائری کیلئے ڈی ایس پی سی آئی اے توصیف کو انکوائری آفیسر مقرر کر کے رپورٹ طلب کر لی اور درخواست گزار کو معطل کر دیا ۔