ثقافتی ورثہ وزیر خان بارہ دری کی بحالی کا کام شروع
لاہور(سہیل احمد قیصر)والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے وزیر خان بارہ دری کے تحفظ و بحالی منصوبے پر کام کا آغاز کردیا۔ منصوبے پر 166.5 ملین روپے لاگت آئے گی۔
منصوبے کی تکمیل کے بعد بارہ دری میں ادبی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر کنزرویشن نجم الثاقب نے روزنامہ دنیا کو بتایا اس منصوبے میں عمارت کے سطحی حصے پر کام شامل ہے جس سے دیواروں کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا جائے گا۔ گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے علیحدہ جگہ مختص کی جائے گی اور گاڑیوں کو مرکزی علاقے سے دور رکھا جائے گا۔ ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشار ی کے مطابق بارہ دری کی خوبصورتی کے لئے پرانے فوارے بحال کئے جائیں گے تاکہ عمارت کا ایک خوبصورت منظر پیش کیا جاسکے۔ اس کے ساتھ ساتھ رات کے لئے عمارت کو روشن کیا جائے گا۔