پنجاب:بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر، نیا ایکٹ تیار
لاہور(عمران اکبر)پنجاب میں نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2024 منظوری کے لئے تیار کر لیا گیا،بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر اور مدت 4 سال رکھی جائے گی، انتخابات 2025 میں کرائے جائیں گے۔
نئے ایکٹ کے مطابق بلدیاتی انتخابات یونین کونسل کی بنیاد پر ہوں گے ،بلدیاتی ایکٹ کابینہ کمیٹی میں منظوری کے لئے آج پیش کیا جائے گا ،ایکٹ کی منظوری وزیر اعلیٰ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں دیں گی۔ذرائع کے مطابق منظوری کے بعد لوکل گورنمنٹ ایکٹ کا بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ اربن رورل ایریاز کو مکمل تقسیم کرنے کی حد بندی کی جائے گی ۔ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں میٹرو پولیٹن کارپوریشنز بنائی جائیں گی،20ہزار سے کم آبادی میں یونین کونسلز قائم ہوں گی،لاہور میں یونین کونسلز کی تعداد 4 سو سے زائد کرنے کی تجویز دی گئی۔سات لاکھ سے اوپر آبادی کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن،پندرہ ہزار سے 50 ہزار آبادی تک ٹاؤن کمیٹی ، پچاس ہزار سے 2 لاکھ آبادی میں میونسپل کمیٹی ، دو لاکھ سے 5 لاکھ تک آبادی کیلئے میونسپل کارپوریشنز بنائی جائینگی ۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا کہنا ہے جتنا چھوٹا لوکل گورنمنٹ کا حجم ہوگا اتنے زیادہ نچلی سطح تک اختیارات منتقل ہونگے، نیا قانون ہر لحاظ سے جامع اور سابق ایکٹ سے مختلف ہوگا۔