پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور ورلڈ ٹریڈ ڈیولپرز میں معاہدہ
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)رواں سال ماہ جولائی میں کینیڈا بیسڈ کمپنی ورلڈ ٹریڈ ڈیولپرز کے زیر اہتمام کینیڈا میں بزنس کانفرنس منعقد ہوگی۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور ورلڈ ٹریڈ ڈیولپرز کے مابین بزنس کانفرنس کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین اور ورلڈ ٹریڈ ڈیولپرز کے سربراہ رانا ایم تنویر نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ معاہدے پر دستخطوں کی تقریب پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔معاہدے کی رو سے دوطرفہ تجارت اور معاشی ترقی کے مواقع کے فروغ کا فریم ورک طے کیا جائے گا۔پنجاب اور کینیڈا کے مابین سرمایہ کاری اور تجارت بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔دو طرفہ معاشی ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور ریسورسز کا باہمی تبادلہ ہوگا۔ انفراسٹرکچر کے منصوبوں اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں باہمی تعاون بڑھایا جائے گا۔تجارتی وفود کے باہمی تبادلے ہوں گے اور کینیڈین پولیس کلب رواں ماہ پنجاب کا دورہ کرے گا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت فیڈمک بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 140واں اجلاس فیڈمک آفس میں منعقد ہوا۔ جس میں 12نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔