21مقامات پر گرین بیلٹس کو گہرا کرنیکا منصوبہ بند
لاہور(شیخ زین العابدین)بارشی پانی کے نکاس کے لیے گرین بیلٹس کو گہرے کرنے کا منصوبہ بند ہوگیا، پی ایچ اے نے 48 مقامات میں سے 27 مقامات کی گرین بیلٹس کو گہرا کیا، باقی ماندہ تاحال عمل درآمد کی منتظر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہر کی گرین بیلٹس کا سڑک سے اونچا ہونا مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا،سکیم موڑ، یتیم خانہ، بجلی گھر، ملتان چونگی، کریم بلاک، رضا بلاک گرین بیلٹ سڑک سے گہری نہ ہوسکیں، نظریہ پاکستان روڈ، شوکت خانم فلائی اوور کی گرین بیلٹ گہری نہ ہوسکی، پیکو موڑ، لاہور بریج ،فیروز پور روڈ گجومتہ ،مولانا شوکت علی روڈ، ہمدرد چوک کی گرین بیلٹس سڑک سے نیچی نہ ہوسکی، فردوس مارکیٹ، نصیر آباد کی گرین بیلٹ پر کام نہ ہوسکا، شادمان گول چکر، جیل روڈ انڈر پاس، ریلوے سٹیشن اور سندر داس روڈ کی گرین بیلٹس کو بارشی پانی جمع کرنے کے لیے استعمال نہ کیا جاسکا۔ کینٹ ڈرین بریج اور ڈیوس روڈ جنکشن پر گرین بیلٹس سڑک سے گہری ہونے کی منتظر ہے، آمنہ پارک تاجپورہ، نظام آباد چوک اور مغلپورہ چوک میں بارشی پانی کو محفوظ بنانے کے قابل نہ بنایا جاسکا۔