رکشہ یونین کی ناصر باغ سے گورنر ہاؤس تک کشمیر ریلی

 رکشہ یونین کی ناصر باغ سے گورنر ہاؤس تک کشمیر ریلی

لاہور(سٹاف رپورٹر)عوامی رکشہ یونین کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ناصر باغ سے گورنر ہاؤس تک ریلی نکالی گئی ۔جس کی قیادت عوامی رکشہ یونین کے مرکزی چیئرمین مجیدغوری نے کی۔

ریلی میں عوامی رکشہ یونین، عوامی چنگ چی رکشہ یونین ،عوامی ایمبولینس یونین، عوامی لوڈر رکشہ یونین اور عوامی بائیک رائڈرز یونین کے ہزاروں کارکنان نے شرکت کی۔ کارکنان نے کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے جو کشمیر اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے ۔ ریلی گورنر ہاؤس پہنچ کر جلسہ میں تبدیل ہوگئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عوامی رکشہ یونین کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیاجائے ۔ کشمیر ہماری شہ رگ ہے جس کو بھارتی درندوں نے دبوچ رکھا ہے ۔اس کو چھڑانے کے لئے پوری پاکستان قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے ۔افواج پاکستان ہماری ریڈ لائن ہیں جو پاکستان کے بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ اندرونی دشمنوں کے ساتھ بھی جنگ کررہی ہیں۔ ہمارے بہادر جوان ہمارے ملک اورہماری حفاظت کے لئے آج بھی قربانیاں دے رہے ہیں۔ہم ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ان شہدا کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے قوم کے بہادر سپوتوں کو جنم دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں