ایم ایس بلھے شاہ ہسپتال پرتشددکاواقعہ،ڈاکٹروں کا احتجاج

قصور(نمائندہ دنیا) بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کے ایم ایس کو تشدد کا نشانہ بنانے پر ڈاکٹروں نے ہسپتال کا گیٹ بند کرکے احتجاج کیا۔۔
بعدازاں ایم ایس کے کہنے پر گیٹ کھول دیا گیا،تفصیل کے مطابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈاکٹر راجہ زبیر نے پولیس کو بتایا کہ میں اپنے دفتر میں موجود تھا کہ ڈیلی ویجز ملازم عبدالشکور میرے دفتر میں آیا اور تنخواہ نہ ملنے پر میرے ساتھ بدتمیزی کی جس پر میں نے اُسے اپنے دفتر سے باہر نکال دیا تو بعد میں علیم اور عبدالرحمن وغیرہ کو ساتھ لے کر آیا اور مجھے تھپڑ مارے ، بعدازاں میں ڈی سی آفس سے میٹنگ کرکے سی او ہیلتھ آفس جارہا تھا کہ کچہری چوک علاقہ تھانہ بی ڈویژن کے قریب فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے ملازم علی احمد، محمود، غفار اور 10/12افراد نے مجھے گاڑی سے اُتار کر تشدد کیا ، لیپ ٹاپ، موبائل اور دیگر کاغذات چھین کر فرار ہوگئے ، ڈاکٹروں نے بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کے مین گیٹ کو تالہ لگا کر احتجاج کیا اور تمام سروسز بند کردیں، بعدازاں ایم ایس کے کہنے پر گیٹ کو کھول دیا گیا، ینگ ڈاکٹرز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ اگر ملزموں کو گرفتار کرکے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی داد رسی نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ بڑھا دیں گے ۔