مینٹل ہسپتال:پیسے لیکر مریضوں سے ملاقات کرانے کاالزام

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ سائنسز لاہور میں کرپشن کا بازار گرم،روزنامہ دنیا نے مریضوں کے لواحقین سے پیسے بٹورنے کی فوٹیج حاصل کرلی۔
شاہدہ نامی آیا ڈیوٹی یونٹ سی میں مریضوں کے لواحقین سے ملاقات کرانے پر تعینات ہے جو پیسوں کے بغیر مریضوں سے ملنے نہیں دیتی۔تفصیل کے مطابق سرکاری ہسپتالوں سے کرپشن کا بازار گرم ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی روک تھام نہیں ہوسکی ہے ۔روزنامہ دنیا کو ایک ویڈیو کلپ موصول ہوا ہے جس کی تصدیق پر معلوم ہوا ہے کہ شاہدہ نامی آیا مریضوں کے لواحقین سے پیسے بٹور رہی ہے ۔ متعدد بار ڈاکٹر اقراء ڈی ایم ایس کو رشوت ستانی کی شکایت کی گئی مگر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جو رشوت نہیں دیتا ان کے مریضوں کو زبردستی مینٹل ہسپتال سے ڈسچارج کرادیا جاتا ہے ،لواحقین نے وزیر صحت اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔دوسری جانب پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر ثاقب باجوہ نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ ہم ایسے لوگوں کی تلاش میں ہیں ضرور کارروائی کریں گے ،آپ وڈیو کلپ سینڈ کریں تاکہ ایسے لوگوں کی نشاندہی ہوسکے بلکہ یوں کہیں آپ کی نشاندہی پر کارروائی کا آغاز ہوچکا ہے۔