آذربائیجان سے تجارت بڑھانے کا وقت : شافع حسین

لاہور(خبرنگار)صوبائی وزیر صنعت و تجارت شافع حسین سے لائیو سٹاک، فارماسیوٹیکل اور دیگر شعبوں سے وابستہ آذربائیجان کے وفد نے ملاقات کی۔
محکمہ صنعت و تجارت کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تجارت بڑھانے کے امور پر بات چیت ہوئی ۔صوبائی وزیر نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا ۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت شافع حسین نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجانکے مابین تجارت بڑھانے کا بہترین وقت ہے ۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول موجود ہے اور سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ پنجاب ایگریکلچر اینڈ میٹ کمپنی اور آذربائیجان کی کمپنی کے مابین میٹ کمپنی کے بند پلانٹ کو چلانے کا معاہدہ ہوچکا ہے ۔معاہدے کے تحت آذربائیجان کی کمپنی بند پلانٹ کو چلائے گی اور پنجاب حکومت کو پلانٹ کے رینٹ کی مد میں ہرماہ خاطر خواہ رقم فراہم کرے گی جبکہ پیمکو پلانٹ کو چلانے کیلئے آذربائیجان کی کمپنی کو ہر ممکن سہولیات دے گی۔ پلانٹ کے چلنے سے گوشت کی برآمد بڑھے گی۔