لاہور میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم 21 اپریل سے شروع

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)لاہور میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم 21 اپریل سے شروع ہو گی جو 25 اپریل تک جاری رہے گی۔
اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر لاہور محمد وسیم کی زیرِ صدارت انسداد پولیو مہم کی تیاریوں او رانتظامات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے اجلاس کانفرنس روم میں منعقد ہوا،جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سروسز سرگودھا ڈاکٹر سارہ صفدر اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرسمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں انسداد پولیو مہم ، سکیورٹی پلان اور مہم میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے لائحہ عمل سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام سٹیک ہولڈرز کو ہدایات جاری کیں کہ مہم میں کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہیں رہنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ گھرکی دہلیز پر بچوں کو انسدادِ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیو مہم میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ انسداد پولیو مہم 21 سے 25 اپریل تک جاری رہے گی۔