ٹنل بورنگ سیوریج منصوبے کو حتمی شکل دیدی گئی
لاہور (شیخ زین العابدین) ملکی تاریخ میں پہلی بار ٹرنچ لیس ٹیکنالوجی کے ذریعے سیوریج لائن ڈالنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
واسا نے ٹنل بورنگ مشین کے ذریعے سیوریج لائن بچھانے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی،زمین کو کھودے بغیر زیر زمین سیوریج لائن بچھائی جائے گی جس سے شہر کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان نہیں پہنچے گا اور شہریوں کی روزمرہ زندگی میں خلل بھی کم سے کم ہوگا۔واسا کی جانب سے اس منصوبے میں روایتی طریقوں کے بجائے سیوریج پائپ لائنز کی ورٹیکل کاسٹنگ کی جائے گی، جدید طریقہ کار سے پائپوں کی مضبوطی میں اضافہ ہوگا۔اس کے ساتھ ساتھ سیوریج پائپوں کو ایچ ڈی پی ای لائننگ کے ذریعے اندرونی تحفظ فراہم کیا جائے گا جس سے زنگ لگنے کے امکانات کم اور پائپ کی متوقع عمر 100 سال تک ہو جائے گی، مرمت اور تبدیلی کی ضرورت نہ ہونے کے برابر رہ جائے گی۔ جدید ٹیکنالوجی سے وقت اور وسائل کی بچت بھی ممکن ہوگی۔ لاریکس کالونی سے گلشن راوی تک جدید سیوریج سسٹم بچھایا جائے گا، جس میں گلبرگ، دھرم پورہ، شادمان، جوڑے پل، گڑھی شاہو، فتح گڑھ اور دیگر علاقے شامل ہوں گے۔ منصوبہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے تعاون سے 14 ارب 16 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، 23 لاکھ 50 ہزار سے زائد شہریوں کو سیوریج کے دیرینہ مسائل سے نجات ملے گی۔