میٹرو بس سٹیشنز کو سولر پر منتقل کرنے کا منصوبہ منظور
لاہور(سٹاف رپورٹر سے)وزیراعلیٰ مریم نواز نے میٹرو بس گرین لائن سٹیشنز کی بحالی اور سولرائزیشن منصوبے کی منظوری دے دی۔ ماس ٹرانزٹ سسٹم کو جدید اور ماحول دوست بنانے کیلئے اہم فیصلے کرلئے گئے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو مراسلہ جاری کر دیا۔لاہور میٹرو بس سروس کے گرین لائن سٹیشنز کی بحالی، تزئین و آرائش اور سولرائزیشن کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔سٹیشنز کی بحالی کا ڈیزائن بنانے کی ذمہ داری نیسپاک کو تفویض کر دی گئی۔ قذافی اور شاہدرہ سٹیشن کے علاوہ 25 سٹیشن کی بحالی کا کام کیا جائے گا۔ نیسپاک سٹیشنز کی بحالی، ری ماڈلنگ اور سولرائزیشن کے لئے جامع لاگت کا تخمینہ تیار کرے گا،تخمینہ موصول ہونے کے بعد پی ایم اے سمری صوبائی کابینہ کو منظوری کیلئے پیش کرے گی،صوبائی کابینہ میٹرو بس کے لئے ضمنی گرانٹ کے ذریعے فنڈز مختص کرے گی۔