اسرائیل عالم اسلام کا مشترکہ دشمن ہے : ہشام الٰہی ظہیر

لاہور(سیاسی نمائندہ)جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر ڈاکٹر علامہ حافظ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا اسرائیل عالم اسلام کا مشترکہ دشمن ہے، ایران کو اسرائیل کی جارحیت کا دندان شکن جواب دینا چاہئے۔
اسرائیل مغربی صہیونی طاقتوں کے بل بوتے پر مسلم ممالک پر حملہ آور ہے۔ اسرائیل بد مست ہوکر مسلم ممالک کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے درحقیقت یہ سب مسلم امہ کی غفلت اور پراسرار خاموشیوں کی بدولت ہو رہا ہے ، اگر فلسطین کے معاملے پر پاکستان سمیت تمام عالم اسلام نے بروقت اسرائیل کے خلاف فلسطین کا ساتھ دیا ہوتا تو ہمیں آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔انہوں نے کہا ایران پر اسرائیلی حملے پر سعودی عرب کا موقف امت مسلمہ کی حقیقی ترجمانی ہے ۔سعودی عرب نے ہمیشہ عالمی راہنماکا بڑا بن کر اُمت مُسلمہ کے لئے آواز اُ ٹھائی ہے ،عالم برادری کو متحد ہو کر مشترکہ دشمن کا مقابلہ کرنا چاہیے ۔ اسرائیل علاقائی امن و بین الاقوامی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے، اسرائیل کو لگام نہ ڈالی تو عالمی امن خطرے میں پڑ جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جمعیت اہلحدیث کے سیکرٹریٹ قرآن و سنہ اسلامک سنٹر میں علما کرام، تحریک طلبہ اہلحدیث و جمعیت یوتھ فورس کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ہشام الٰہی ظہیر کا مزید کہنا تھا عالمی برداری اسرائیلی جارحیت کافی الفور نوٹس لے ،مملکت اسلامیہ انسانیت کو بڑی تباہی سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔