گھروں میں اشیا پہنچانے کے بہانے وارداتیں ،گروہ گرفتار
لاہور(آئی این پی)گلبرگ پولیس نے گھروں میں اشیا کی ڈلیوری کے بہانے وارداتیں کرنے والے گروپ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے 2 رکنی ڈکیت گروپ کو جلو پارک کے قریب ٹریس کرکے گرفتار کیا۔ ملزموں نے چند روز قبل حالی روڈ کے قریب ڈلیوری کے بہانے شہری سے واردات کی تھی۔ملزم گلبرگ و ملحقہ علاقوں میں مختلف اشیا کی ڈلیوری کے بہانے گھروں میں داخل ہوتے اور موقع پاکر شہریوں سے گن پوائنٹ پر نقدی چھین کرکے فرار ہو جاتے تھے ۔گرفتار گروپ نے گن پوائنٹ پر 13سے زائد وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا، جن سے 50 ہزار سے زائد نقدی، پستول اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔ ملزموں بابل پرویز اور دانش کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش جاری ہے۔