ایرانی ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملہ جارحیت :جماعت اہلحدیث

لاہور (سیاسی نمائندہ،سپیشل رپورٹر) امریکہ کا ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کھلی جارحیت ہے ،یہ پوری امتِ مسلمہ کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے ، قراردادوں کے بجائے عملی اقدامات کئے جائیں۔
یہ بات جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی، پروفیسر عبد المجید ،مولانا شکیل الرحمٰن ناصر ،حافظ عبد الوحید روپڑی ،قاری محمد فیاض نے مشترکہ بیان میں کہیں۔ انہوں نے کہا امریکہ اپنے آپ کو عالمی غنڈہ ثابت کرنے کی کوشش میں ذلیل و رسوا ہو گا۔مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور تمام بااثر ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس امریکی جارحیت کا نوٹس لیں اور ایسے حملوں کو روکنے کیلئے عملی اقدامات کریں۔ جماعت اہلحدیث پاکستان اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ ہے ،ہمیں ایسے وقت میں کفر کے سامنے متحد ہو کر کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔