بی ایس، ڈی پی ٹی،ڈاکٹر آف فارمیسی کا داخلہ شیڈول منظور
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں الائیڈ ہیلتھ اور فارمیسی بورڈز آف سٹڈیز کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں بی ایس، ڈی پی ٹی اور ڈاکٹر آف فارمیسی کے داخلہ شیڈول کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور نے کی جس میں یو ایچ ایس سے الحاق شدہ اداروں کے پرنسپلز اور متعلقہ شعبہ جات کے سربراہوں نے شرکت کی۔فیصلے کے مطابق ان پروگرامز میں خزاں سمسٹر 2025 کے داخلے جولائی کے پہلے ہفتے میں شروع ہوں گے اور درخواستیں جولائی کے آخری ہفتے تک وصول کی جائیں گی۔ انڈر گریجوایٹ ایڈمیشن ٹیسٹ اگست کے پہلے ہفتے میں ہوگا جبکہ پہلی میرٹ لسٹ اگست کے تیسرے ہفتے میں جاری کی جائے گی۔ خزاں سمسٹر کی کلاسز 30 ستمبر 2025 سے شروع ہوں گی۔بہار سمسٹر 2026 کے لئے داخلے دسمبر کے آخری ہفتے سے شروع ہوں گے ۔ ایڈمیشن ٹیسٹ فروری 2026 کے پہلے ہفتے میں ہوگا اور میرٹ لسٹ تیسرے ہفتے میں لگے گی جبکہ کلاسز 30 مارچ 2026 سے شروع ہوں گی۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے اداروں کو کلینیکل ٹریننگ کے لئے کم از کم 200 بستر پر مشتمل اپنے تدریسی ہسپتال رکھنے چاہئیں۔ وائس چانسلر نے اس بات پر زور دیا کہ ان اداروں کے دیگر ہسپتالوں کے ساتھ ایم او یوز کی حوصلہ شکنی کی جائے گی تاکہ طلبہ کو معیاری اور مربوط کلینیکل تربیت میسر آ سکے ۔ اس سلسلے میں یو ایچ ایس، الائیڈ ہیلتھ کونسل کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کرے گی۔