3منصوبے ایل ڈی اے کے وسائل سے مکمل کرنیکی تجویز
لاہور(شیخ زین العابدین)پنجاب حکومت کے بجٹ میں ایل ڈی اے کے لیے انڈر پاسز اور فلائی اوورز جیسے منصوبے شامل نہ ہونے پرادارے کے انجینئرنگ ونگ نے متبادل حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
تین منصوبے خود ایل ڈی اے کے وسائل سے مکمل کرنے کی تجویز گورننگ باڈی کو ارسال کر دی گئی ہے ۔منصوبوں میں دو انڈر پاس اور فیروزپور روڈ کی مرمت و بحالی شامل ہے ۔ ذرائع کے مطابق ترقیاتی بجٹ میں نظرانداز کیے جانے کے بعد ایل ڈی اے نے متبادل حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے تین اہم منصوبے اپنے دستیاب مالی وسائل سے مکمل کرنے کی تجویز تیار کر لی ہے ۔پہلا منصوبہ ڈیفنس روڈ پر ایل ڈی اے سکوائر کہلانے والے گول چکر پر انڈر پاس کی تعمیر ہے ،جس کا ابتدائی تخمینہ 3 ارب 40 کروڑ روپے لگایا گیا ہے ۔دوسرا مجوزہ منصوبہ گلبرگ کے حسین چوک پر انڈر پاس کی تعمیر ہے ،جہاں روزانہ ٹریفک دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ منصوبے کی لاگت 1.5 ارب روپے رکھی گئی ہے ۔تیسرا منصوبہ لاہور کی مصروف ترین شاہراہ فیروزپور روڈ کی مکمل مرمت و بحالی پر مشتمل ہے ،جس میں کینال روڈ سے گجومتہ تک دونوں طرف کی سڑکوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ منصوبے پر 2.5 ارب روپے کے اخراجات متوقع ہیں۔ایل ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں سے نہ صرف مرکزی لاہور میں ٹریفک کا بوجھ کم ہو گابلکہ سڑکوں کی حالت بھی بہتر ہو گی، جس کا براہ راست فائدہ شہریوں کو پہنچے گا۔