شاہدرہ سے رائیونڈ تک گرین کوریڈ ور بنانے کافیصلہ
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور کی ریلوے لائن کے ساتھ ساتھ شاہدرہ سے لے کر رائیونڈ تک 40 کلومیٹر طویل گرین کوریڈور تعمیر کیا جائے گا۔700کنال پر مشتمل اس منصوبے کے تحت ریلوے ٹریک سے۔۔۔
ملحقہ علاقوں کو سرسبز و شاداب گرین بیلٹس میں تبدیل کیا جائے گا۔منصوبہ پاکستان ریلوے اور پی ایچ اے کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا، جہاں پرانی ریلوے بوگیوں کو جدید انداز میں لائبریریوں اور کیفے میں تبدیل کر کے شہریوں کے لیے تفریح اور علم کا امتزاج فراہم کیا جائے گا۔اس گرین کوریڈور منصوبے کی تخمینہ لاگت 2.35528 ارب روپے رکھی گئی ہے جبکہ منصوبہ ایک سال میں مکمل کیا جائے گا۔محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کی جانب سے منصوبے کا پی سی ون محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو بھجوا دیا گیا ہے ۔منصوبے کو چار پیکیجز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔پہلے پیکیج میں شاہدرہ سے ریلوے سٹیشن دوسرے میں ریلوے سٹیشن سے والٹن تیسرے میں والٹن سے کوٹ لکھپت اور چوتھے پیکیج میں کوٹ لکھپت سے رائیونڈ تک گرین کوریڈور مکمل کیا جائے گا۔منصوبے کے مختلف پوائنٹس پر شہریوں کے لیے واک وے ، اوپن جم اور پبلک کیفے کی سہولیات بھی رکھی جائیں گی۔یہ منصوبہ نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کے خلاف مددگار ہوگا بلکہ ریلوے اراضی کا خوبصورت استعمال بھی یقینی بنائے گا۔سیکرٹری ہاؤسنگ نور الامین مینگل کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر لاہور میں گرین ایریاز کو وسعت دی جا رہی ہے۔