ناقص سیوریج، اہم سڑکوں پر پانی، ٹریفک روانی متاثر
لاہور(سٹاف رپورٹر سے)لاہور کی مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام بدترین صورتحال اختیار کر چکا ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی اور گاڑیوں کی تعداد کے ساتھ ساتھ اب سیوریج کے ناقص نظام نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
شہر کی اہم سڑکوں پر جگہ جگہ پانی جمع ہونے لگا ہے ۔ واسا کی غفلت اور بروقت نکاسی آب نہ ہونے کے باعث گٹر ابلنے لگے ہیں، جس کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے ۔ٹیپا کی حالیہ ٹریفک سروے رپورٹ نے واسا کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق شہر کے درجنوں مقامات پر سیور اوور فلو اور پونڈنگ پوائنٹس موجود ہیں، جہاں معمولی بارش بھی ٹریفک کو جام کر دیتی ہے ۔کلمہ چوک، اچھرہ اور قرطبہ چوک وہ مقامات ہیں جہاں سیوریج اور بارش کا پانی جمع ہو کر ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بنتا ہے ۔ جین مندر، کچہری، آزادی اور نیازی چوک جیسے حساس مقامات پر بھی گندے پانی کی موجودگی شہریوں کے لیے وبال جان بن چکی ہے ۔ٹیپا نے اپنی رپورٹ میں ان مسائل کو بروقت حل نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج سے خبردار کیا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر واسا نے فوری اقدامات نہ کیے تو شہر کی ٹریفک مکمل طور پر مفلوج ہو سکتی ہے ۔چیف انجینئر ٹیپا نے باقاعدہ طور پر ایم ڈی واسا کو مراسلہ لکھ کر نکاسی آب اور سیوریج مسائل کے فوری حل کی استدعا کی ہے ، مگر تاحال واسا کی جانب سے کوئی خاطر خواہ اقدام سامنے نہیں آ سکا۔