دو بڑی سکیمیں ایونیو ون، ایل ڈی اے سٹی آباد نہ ہو سکیں
لاہور(شیخ زین العابدین)ایل ڈی اے کی دو بڑی فلیگ شپ ہاؤسنگ سکیمیں ایونیو ون اور ایل ڈی اے سٹی تاحال مکمل آباد نہ ہو سکیں۔دو سال میں5ارب روپے خرچ، شہریوں کو تاحال بنیادی سہولیات میسر نہیں۔
ترقیاتی فنڈز کے استعمال میں شفافیت پر سوالات، اعلیٰ سطح انکوائری کا آغاز کر دیا گیا۔ ایل ڈی اے ایونیو ون اور ایل ڈی اے سٹی میں ترقیاتی کام سست روی کا شکار ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی زیر صدارت اجلاس میں انکشاف کیاگیا کہ گزشتہ دو سال میں ان دونوں سکیموں پر تقریباً5ارب روپے خرچ کرکے بنیادی کام مکمل کیے گئے تاہم سکیمیں تاحال خالی پڑی ہیں۔ خاطر خواہ نتائج نہ ملنے پر ڈی جی ایل ڈی اے نے شعبہ انجینئرنگ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں یہ سوال بھی اٹھایا گیا کہ مہنگے ٹھیکے کیوں دیئے گئے اور فنڈز کے اصل استعمال کی نگرانی کس سطح پر کی گئی۔اس صورتحال پر اب اعلیٰ سطح انکوائری میں یہ جانچا جا رہا ہے کہ 5ارب روپے کہاں کہاں اور کیسے خرچ کیے گئے ۔ انکوائری میں سکیم وار تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔