کینال روڈ پر انڈر پاسز کو دلکش بنانیکا نیا منصوبہ شروع

کینال روڈ پر انڈر پاسز کو دلکش بنانیکا نیا منصوبہ شروع

لاہور(سٹاف رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز لاہور کو سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست شہر بنانے کے ویژن پر عمل پیرا ہیں اور اسی سلسلے میں کینال روڈ پر واقع تمام انڈر پاسز کو دلکش بنانے کا نیا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔

منصوبے کی عملداری پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی اور ٹیپا کو سونپی گئی ہے، جنہوں نے فوری طور پر پلان پر کام کا آغاز کر دیا ہے ۔اس بار منصوبے میں خاص تبدیلی یہ کی گئی ہے کہ تمام انڈر پاسز کو قدرتی طریقہ کار سے سرسبز بنایا جائے گا۔ یعنی مصنوعی سجاوٹ کی بجائے پھول، پودے اور بیلیں لگائی جائیں گی تاکہ شہریوں کو حقیقی فطری خوبصورتی کا تجربہ ہو۔کینال روڈ کے انڈر پاسز میں شجرکاری کے لیے مخصوص حکمت عملی طے کی گئی ہے ،انڈر پاسز کے بیرل کے اندر شجرکاری نہیں کی جائے گی تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو، تاہم بیرل کے اطراف میں بڑے اور چھوٹے پودے لگائے جائیں گے ۔اسی طرح حفاظتی دیواروں پر بیلیں لٹکانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو دیواروں پر فطری سایہ اور خوبصورتی بکھیریں گی۔ پودوں کی ترتیب بھی قدرتی انداز میں کی جائے گی، کسی قسم کی مصنوعی آرائش یا رنگینیاں شامل نہیں ہوں گی، تاکہ ماحول کا تاثر حقیقی طور پر سبز اور خوشنما رہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں