جشن آزادی : پہلی بار’’اقلیتی ہفتہ‘‘ کا باقاعدہ آغاز
لاہور(خبرنگار)جشنِ آزادی کی آمد کی مناسبت سے پنجاب حکومت کی جانب سے تاریخ میں پہلی بار ‘‘اقلیتی ہفتہ’’ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، جس کا مقصد وطنِ عزیز کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو اُجاگر کرنا اور قومی وحدت کو فروغ دینا ہے۔
اقلیتی ہفتہ 7 اگست سے 11 اگست 2025 تک بھرپور قومی جذبے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے پیغام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ افتتاحی تقریب لاہور کے تاریخی کیتھیڈرل چرچ آف پاکستان میں منعقد ہوئی، تقریب میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ، سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ، اقلیتی ممبران پنجاب اسمبلی، غیر ملکی سفارت کاروں، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور مختلف مذاہب کے قائدین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ اور دیگر معزز مہمانوں نے چرچ میں پودا لگا کر ماحول دوست پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ بشپ ندیم کامران نے پاکستان کی ترقی، امن و سلامتی اور قومی اتحاد کے لیے خصوصی دعا کرائی۔اقلیتی ہفتہ کی تقریبات کا آغاز ایک رنگا رنگ بین المذاہب قافلے سے ہوا جو کیتھیڈرل چرچ سے روانہ ہوکر مرحلہ وار کرشنا مندر، گورودوارہ ڈیرہ صاحب، بادشاہی مسجد اور مزارِ اقبال تک پہنچا۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے بھی قافلے میں خصوصی شرکت کی۔