ریشنلائزیشن ، ڈیڈ لائن کے باوجود اساتذہ کے آرڈرز نہ ہوئے
لاہور(عاطف پرویز سے)محکمہ سکول ایجوکیشن کاریشنلائزیشن سسٹم بری طرح ناکام ہوگیا۔ 31 جولائی کی مقررہ ڈیڈ لائن گزر جانے کے باوجود اساتذہ کے آرڈرز جاری نہ ہوسکے، جس کے باعث ہزاروں اساتذہ متاثر ہو رہے ہیں۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے رواں سال اساتذہ کی تعیناتیوں اور تبادلوں کا عمل 31 جولائی تک مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم ڈیٹا سینٹر کی ورکنگ میں مسلسل مسائل اور سسٹم کی سست رفتاری کے باعث ایک ماہ گزرنے کے باوجود یہ عمل مکمل نہ ہوسکا۔محکمہ کے اندرونی ذرائع کے مطابق ریشنلائزیشن کے عمل میں تاخیر سے نہ صرف جنرل تبادلے تعطل کا شکار ہیں بلکہ عارضی اساتذہ کی بھرتی کا عمل بھی رک گیا ہے ، جس سے تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔مزید بتایا گیا ہے کہ محکمہ سکول ایجوکیشن کے دیگر کئی منصوبے بھی ڈیٹا سینٹر کی ناقص کارکردگی کے باعث التوا کا شکار ہیں۔ اساتذہ تنظیموں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ سے فوری طور پرریشنلائزیشن کا عمل مکمل کرنے اور متاثرہ اساتذہ کو آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔