لیسکو کے ایئرپورٹ سب ڈویژن کے دفتر پر حملہ
تشددسے 2اہلکار شدید زخمی، مقدمہ درج ، گرفتاری کیلئے کارروائی دوسرا واقعہ میں مارکی سے بڑے پیمانے پر بجلی چوری پکڑی گئی
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ،کرائم رپورٹر ) لیسکو کے ایئرپورٹ سب ڈویژن کے دفتر پر نامعلوم مسلح افراد کے ایک گروہ نے حملہ کر دیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لیسکو کی ٹیم نے ایئر پورٹ سب ڈویژن کے علاقے گوہاوا ٹبہ میں بجلی چوری کے خلاف آپریشن کیا۔ پولیس کی موجودگی کے باعث ملزمان موقع پر حملہ کرنے میں ناکام رہے ۔ تاہم بعد ازاں تقریباً چھ سے سات نامعلوم افراد نے لیسکو ایئرپورٹ سب ڈویژن کے دفتر پر دھاوا بول دیا۔حملے کے دوران لیسکو اہلکاروں فاروق لائن مین اور عرفان کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ سرکاری گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ واقعہ کی رپورٹ پر تھانہ آر اے بازار میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ پولیس نے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کر دی ہے ۔دریں اثنا لیسکو کی بجلی چوروں کیخلاف کارروائی شالامار ڈویژن میں لاہور گرینڈ مارکی سے بڑے پیمانے پر بجلی چوری پکڑی گئی ،ٹیم نے رینجرز کے ہمراہ مارکی میں اچانک چھاپہ مارا معائنے میں 9عدد کیبنٹ ایئر کنڈیشنرز 4ٹن اور 2عدد سپلٹ ایئر کنڈیشنرز 1.5ٹن کے ساتھ کثیر لائٹنگ لوڈ چلتا ہوا پایا گیا،دونوں میٹرز موقع پر ہی منقطع کر دیئے گئے ۔