پی پی ایل کا گوالمنڈی کالج ختم کرنے کیخلاف احتجاج کااعلان
کالج کی جگہ کورین کلچرل سینٹر بنانے کی تجویز ،تعلیمی حلقوں کاتشویش کااظہار
لاہور(خبر نگار)لاہور میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج گوالمنڈی کو ختم کرنے کے مجوزہ منصوبے نے اساتذہ اور والدین کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے ۔ پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن نے اس فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے تاریخی علاقے گوالمنڈی میں قائم گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج کو بند کرنے کا منصوبہ سامنے آیا تو اساتذہ اور والدین نے سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے ۔ کالج کی جگہ کورین کلچرل سینٹر بنانے کی تجویز زیرِ غور ہے ، جس پر تعلیمی حلقوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔پنجاب پروفیسر اینڈ لیکچرز ایسوسی ایشن کے لاہور ڈویژن کی صدر حسن رشید کا کہنا ہے کہ ہم کسی صورت کالج ختم نہیں ہونے دیں گے ۔ یہ فیصلہ طلبہ و طالبات کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے ، اس کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے ۔اساتذہ کا کہنا ہے کہ گوالمنڈی جیسے گنجان آباد علاقے میں یہ واحد گریجوایشن لیول کا سرکاری کالج ہے ، جس سے ہر سال سینکڑوں طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ ان کے مطابق کالج بند کرنا عوام کے تعلیمی حقوق پر حملہ ہے ۔