پتوکی لنڈا مارکیٹ میدان جنگ بن گئی، دکانداروں پر تشدد، لوٹ مار
پتوکی(تحصیل رپورٹر)پتوکی کی لنڈا مارکیٹ جیکٹ تبدیل کرنے کے معمولی تنازع پر میدان جنگ میں تبدیل ہوگئی، دکانداروں پر وحشیانہ تشدد، دکانوں میں توڑ پھوڑ اور سامان کی لوٹ مار کی گئی۔
خریدار نوجوان نے جیکٹ تبدیل نہ ہونے پر اپنے ساتھیوں کو بلا لیا، جس کے بعد دس سے پندرہ افراد نے دکان پر حملہ کر دیا اور دکانداروں کو تشدد کا نشانہ بنایا،توڑ پھوڑ کی اور قیمتی سامان اٹھا کر فرار ہو گئے ۔عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے دوران 15 پر متعدد بار کال کی گئی، تاہم پولیس بروقت موقع پر نہ پہنچی، جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھ گئے۔واقعے کے بعد تاجروں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔ متاثرہ دکانداروں نے تھانے میں درخواست دے دی جبکہ تاجروں نے پریس کانفرنس میں وزیرِ اعلیٰ اور آئی جی سے فوری گرفتاریوں اور پولیس غفلت پر کارروائی کا مطالبہ کیا۔ تاجروں نے خبردار کیا کہ اگر ملزموں کے خلاف فوری ایکشن نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔