ریلوے سٹیشن پر لگے اکثر سی سی ٹی وی کیمرے خراب
46کیمرے نصب، 26خراب،مسافروں کا سامان چوری ہونا معمول
لاہور (رانا فہد امین)ریلوے انتظامیہ کی مبینہ غفلت، لاہور ریلوے سٹیشن کی سکیورٹی کو فول پروف نہ بنایا جاسکا،لاہورریلوے سٹیشن پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی اکثریت خراب ہونے کا انکشاف،ریلوے سٹیشن پر لگے 46سی سی ٹی وی کیمروں میں سے 26سے زائد خراب ہیں، ذرائع کے مطابق مسافروں کا سامان چیک کرنے کیلئے لگیج سکینر بھی دستیاب نہیں، سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہونے سے ریلوے سٹیشن سکیورٹی رسک بن گیا، کیمروں کی خرابی کے باعث مسافروں کا سامان چوری ہونے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ریلوے پولیس کیلئے لاہور ریلوے سٹیشن کی نگرانی بھی محدود ہوگئی، ریلوے سٹیشن پر سکیورٹی انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں، ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق لاہور ریلوے سٹیشن پر سکیورٹی کیمروں کی مینٹی ننس اور لگیج سکینر کی تنصیب لاہور ڈویژن انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ،ترجمان ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کیمروں کی خرابی کے حوالے سے لاہور ڈویژن انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا ہے ، لاہور ڈویژن کی جانب سے ریلوے سٹیشن پر سکیورٹی کیمرے تبدیل کرنے کے لیے ٹینڈر دیا جارہا ہے ۔