لبرٹی گول چکر کو قومی تقریبات منانے کیلئے استعمال کرنیکا فیصلہ
مارکیٹ کے اطراف کثیر المنزلہ عمارتوں پر بڑی ایس ایم ڈی سکرینز لگانے کا منصوبہحکومت نے مارکیٹ کو نیو یارک کے ٹائمز سکوائر کی طرز پر ڈیزائن کرنے کا بھی فیصلہ
لاہور (شیخ زین العابدین)پنجاب حکومت نے لبرٹی گول چکر کو بڑے قومی اور سرکاری ایونٹس کے مرکزی مقام کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔حکومتی منصوبے کے مطابق 14اگست، 23مارچ، 6 ستمبر اور سالِ نو جیسے اہم ایونٹس آئندہ لبرٹی گول چکر پر منعقد کیے جانے کی تجویز دی گئی ہے ، جبکہ لبرٹی راؤنڈ آباؤٹ کو نیشنل ایونٹس کے مستقل مقام کے طور پر استعمال کرنے کا پلان تیار کیا گیا ہے ۔پنجاب حکومت نے لبرٹی مارکیٹ کو نیو یارک کے ٹائمز سکوائر کی طرز پر ڈیزائن کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ، جس کے تحت لبرٹی مارکیٹ اور اس کے گرد و نواح کو مکمل طور پر ٹائمز سکوائر ماڈل پر ڈیولپ کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت لبرٹی مارکیٹ کے اطراف موجود کثیر المنزلہ عمارتوں پر بڑی ایس ایم ڈی سکرینز لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ، جہاں کمرشل اور سرکاری اشتہاری مہم چلائی جا سکے گی ۔اس مقصد کے لیے منصوبے کا مکمل تھری ڈی ڈیزائن بھی تیار کر لیا گیا ہے ۔ابتدائی مرحلے میں لبرٹی گول چکر پر موجود بڑے پلازا پر ایس ایم ڈی سکرین لگانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے ، جبکہ مجموعی منصوبے کے تحت لبرٹی مارکیٹ کو بالکل نیو یارک ٹائمز سکوائر کی طرز پر بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔اس منصوبے پر عملدرآمد کی ذمہ داری پی ایچ اے کو سونپ دی گئی ہے ۔ ایک عرصہ سے لبرٹی مختلف قسم کی تقریبات کا مرکز بنا ہوا ہے۔