کم پڑھے اساتذہ کی پری میچور ریٹائرمنٹ شروع نہ ہو سکی

کم پڑھے اساتذہ کی پری میچور ریٹائرمنٹ شروع نہ ہو سکی

فیصلے نہ ہونے کی صورت میں تعلیمی نظام کو مزید مشکلات کا سامنا :ماہرین

لاہور(خبر نگار)محکمہ سکول ایجوکیشن کی سست روی کے باعث کم تعلیم یافتہ اساتذہ کی پری میچور ریٹائرمنٹ کا عمل تاحال شروع نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق صوبے بھر میں تئیس ہزار سے زائد کم تعلیم یافتہ اساتذہ کی پری میچور ریٹائرمنٹ کا عمل التوا کا شکار ہے ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے گزشتہ سال گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران پچاس سال سے زائد عمر کے اساتذہ کا مکمل ڈیٹا تو اکٹھا کر لیا تھا، تاہم اب تک انہیں پری میچور ریٹائرمنٹ کی آپشن فراہم نہیں کی جا سکی۔اعداد و شمار کے مطابق پری میچور ریٹائرمنٹ کے منتظر اساتذہ میں چودہ ہزار میٹرک اور نو ہزار انٹر پاس اساتذہ شامل ہیں، جو پیشہ ورانہ تربیت اور پروفیشنل ڈگری نہ ہونے کے باعث جدید نصاب پڑھانے میں مشکلات کا شکار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق سیکرٹری خالد نذیر وٹو کی تبدیلی کے بعد یہ معاملہ مزید التوا کا شکار ہو گیا، جس کے باعث ضعیف اساتذہ اب بھی حتمی فیصلے کے منتظر ہیں۔تعلیمی ماہرین کے مطابق مکمل نصاب انگریزی میں ہونے کے باعث بزرگ اساتذہ کو تدریسی مسائل درپیش ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں