زمین کے نقشوں کی کنورژن فیس کم کرنے کی تجویز
رہائشی سے کمرشل نقشوں کی مد میں 20سے 10فیصد مجوزہ فیس
لاہور (اپنے سٹی رپورٹرسے )محکمہ بلدیات پنجاب نے زمین کے نقشوں کی کنورژن فیس کم کرنے کی تجویز دے دی،کنورژن فیس کم کرنے کی سمری کیبنٹ کمیٹی میں بھجوا دی گئی، ذرائع کے مطابق ریذیڈنشل سے کمرشل نقشوں کی مد میں 20فیصد سے کم کر کے 10فیصد کرنے کی تجویز دی گئی، ریذیڈنشل سے انڈسٹریل 5فیصداور کمرشل سے انڈسٹریل 5فیصد کرنے کی تجویز ہے ، محکمہ بلدیات پنجاب کے مطابق پری اربن یا انٹر سٹی سروس ایریا سے ریذیڈنشل 1فیصد کرنے کی تجویز ہے ۔ پری اربن یا انٹر سٹی سروس ایریا سے کمرشل 20فیصد سے کم کر کے 10فیصد کم کرنے کی تجویز ہے ۔ محکمہ بلدیات پنجاب نے کنورزن فیس میں کمی کی سمری کیبنٹ کمیٹی کو ارسال کر دی گئی ۔اس فیصلے سے عام شہری، چھوٹے کاروباری افراد، سرمایہ کار اور صنعتیں براہِ راست فائدہ اٹھا سکیں گے ،اس فیصلے سے گھر سے کاروبار شروع کرنا سستا اور آسان ہوگا ،چھوٹے تاجروں اور دکانداروں پر مالی بوجھ کم اور صنعتی سرمایہ کاری میں اضافہ، روزگار کے نئے مواقع شامل ہونگے ،غیرقانونی تعمیرات کی حوصلہ شکنی، قانونی نقشوں کی طرف رجحان بڑھے گا، شہروں میں منظم کمرشلائزیشن اور بہتر پلاننگ بھی ہوسکے گی۔